نئی دہلی:29/نومبر (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) اردو زبان کے فروغ کے لئے سرگرم اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان (این سی پی یو ایل)کی مختلف امور سے متعلق کمیٹیاں فوراً تشکیل کرے تاکہ ملک میں اردو کی ترویج و اشاعت کا یہ سب سے بڑا ادار ہ اپنی سرگرمیاں بحسن و خوبی انجام دے سکے۔اردو ڈیو لپمنٹ آرگنائزیشن کے قومی صدر ڈاکٹر سید احمد خان نے یہاں جاری بیان میں کہا ہے کہ( مرحوم )مظفر حسین کے این سی پی یو ایل کے وائس چےئرمین کے عہدہ سے مستعفی ہونے کے بعد سے تین سال کا وقفہ گزرجانے کے باوجودآج تک کسی کو اس عہدہ کی ذمہ داری نہیں دیا جانا حیرت او رافسوس کی بات ہے۔ڈاکٹر خان نے کہا کہ اس وقت این سی پی یو ایل کے تمام پینل اور ذیلی کمیٹیا ں بھی تحلیل ہیں جس کی وجہ سے اردو کے فروغ کے سلسلے میں کونسل کے تمام ترقیاتی کام رکے ہوئے ہیں اور اس سے اردو حلقے میں کافی بے چینی پائی جارہی ہے۔ڈاکٹر خان نے امید ظاہر کی ہے کہ اردو کونسل کے نئے ڈائریکٹر کی تقرری کے بعد مرکزی حکومت اب جلد ہی نائب چےئرمین اوردیگرکمیٹیوں اور پینل کے اراکین کے ناموں کا بھی اعلان کرے گی۔